Integrated E-Learning System for Agricultural Technology Transfer

محکمہ زراعت نے سبزیوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے سبزیات کے تمام کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ موسم سرما کے آغاز کے باعث سبزیوں کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے مٹر ، بھنڈی ، گوبھی، ٹماٹر ، مرچ ، لوبیا، چپن کدو اور دیگر سبزیوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تدارکی تراکیب پر عمل یقینی بنائیں۔

محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ اکھیڑا ، پھپھوند سے پھیلنے والی بیماری ہے جو سبزیوں کو بری طرح متاثر کرتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اکھیڑا کے حملہ سے پودوں کی جڑیں گل جاتی ہیں اور پوداا پنی عمر کے کسی بھی حصہ میں متاثر ہو سکتاہے۔

 
انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اس بیماری کے بروقت انسداد کیلئے بینلٹ یا ڈائی تھین ایم 45کا استعمال کریں ۔ انہوںنے کہاکہ بیماری سے پاک دیسی کھاد کا استعمال اور فصل کا مناسب ہیر پھیر بھی سبزیوں کو اکھیڑا کی بیماری سے بچانے میں معاون ثابت ہو سکتاہے۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید رہنمائی یا مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔